وزیر مملکت طلال چوہدری کی “گلوبل الائنس ٹو کاؤنٹر مائیگرنٹ سمگلنگ” کے اجلاس میں شرکت

4

اسلام آباد، 4 جولائی ( اے پی پی): وزیر مملکت  برائے داخلہ طلال چوہدری نے “گلوبل الائنس ٹو کاؤنٹر مائیگرنٹ سمگلنگ” کے   اجلاس میں شرکت کی، یورپی یونین کی جانب سے غیر قانونی مائیگریشن میں نمایاں کمی پر پاکستان کے مؤثر اقدامات کو سراہا گیا۔ اجلاس کے شرکاء نے غیر قانونی مائیگریشن کے خلاف ایف آئی اے کی کارکردگی کو بھی سراہا۔

وزیر مملکت نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی کی مؤثر حکمت عملی کے باعث غیر قانونی مائیگریشن میں 47 فیصد کمی آئی ہے اور پاکستان کی کامیاب حکمت عملی دنیا کے لیے مثال بن گئی ہے۔

طلال چوہدری نے کہا کہ غیر قانونی ہجرت ایک سرحدی نہیں بلکہ عالمی چیلنج ہے جس کے لیے مشترکہ حکمت عملی ناگزیر ہے۔ قانونی ہجرت کے مواقع بڑھانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی، انٹیلی جنس شیئرنگ اور مشترکہ حکمت عملی ہی انسانی اسمگلنگ کا مؤثر حل ہے اور محفوظ، منظم اور قانونی ہجرت کے فروغ کے بغیر غیر قانونی ہجرت کا سدباب ممکن نہیں۔