واشنگٹن ڈی سی، 21 جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے واشنگٹن ڈی سی میں ہنی ویل ٹیکنالوجیز کے وفد سے ملاقات کی جس میں پاکستان کے ریفائنری شعبے کی جدیدکاری اور استعداد میں اضافے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر توانائی کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور مختلف مالیاتی ذرائع کے ذریعے تعاون کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔
وفاقی وزیرِ خزانہ نے کہا کہ ریفائنری شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کا فروغ توانائی کے شعبے کی بہتری،صنعتی ترقی اور پائیدار اقتصادی نمو میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے ایسے اقدامات کی اہمیت پر زور دیا جو ملکی توانائی کے شعبے کو مزید مضبوط بنانے میں مددگار ہوں۔











