وفاقی وزیر احد چیمہ سے ایف سی ڈی او ڈویلپمنٹ ڈائریکٹر سام والڈاک کی ملاقات

4

اسلام آباد، 21 جولائی)اے پی پی): وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ سے فارن، کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس (ایف سی ڈی او) کے ڈویلپمنٹ ڈائریکٹر سام والڈاک نے ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تعاون، ترقیاتی اقدامات اور مختلف شعبوں میں جاری اصلاحات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وفاقی وزیر احد چیمہ نے کہا کہ اقتصادی استحکام حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اسی مقصد کے تحت ٹیرف پالیسی میں جامع اصلاحات نافذ کرنے پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مختلف شعبوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے سیکٹر بیسڈ پالیسی اصلاحات بھی متعارف کرا رہی ہے تاکہ پائیدار معاشی ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔

احد چیمہ نے کہا کہ ادارہ جاتی اصلاحات اور مختلف پالیسیوں کے مؤثر نفاذ میں ایف سی ڈی او کا تعاون قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پیٹرولیم مصنوعات کے موجودہ پرائسنگ فارمولے سے ذخیرہ اندوزی پر قابو پانے میں مدد ملی ہے، جبکہ وزیراعظم ایف بی آر اور مالیاتی منصوبوں کی کارکردگی کا خود ہفتہ وار جائزہ لیتے ہیں تاکہ اصلاحاتی عمل کی مؤثر نگرانی یقینی بنائی جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت بہتر منصوبہ بندی اور وسائل کے مؤثر استعمال کے ذریعے ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے پر توجہ دے رہی ہے۔

اس موقع پر ایف سی ڈی او کے ڈویلپمنٹ ڈائریکٹر سام والڈاک نے حکومت پاکستان کی ٹیرف پالیسی میں اصلاحات، مختلف شعبوں کے لیے سیکٹر بیسڈ پالیسیوں کے اجراء، اور پاور و پیٹرولیم شعبوں میں جاری اصلاحاتی اقدامات کو سراہتے ہوئے ان کی اہمیت کو اجاگر کیا۔