وفاقی وزیر  اعظم نذیر تارڑسے  ایران کی نائب صدر برائے خواتین و خاندانی امور کی ملاقات

7

اسلام آباد،12 جولائی ( اے پی پی): وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق اعظم نذیر تارڑ سے اسلامی جمہوریہ ایران کی نائب صدر برائے خواتین و خاندانی امور ڈاکٹر زہرہ بہروز آذر نے ملاقات کی ہے، ملاقات میں خواتین کے حقوق، او آئی سی تعاون اور باہمی تعلقات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ڈاکٹر زہرہ بہروز آذر نے جنگ بندی کے لیے پاکستان کے مثبت سفارتی کردار، ثالثی اور سہولت کاری کی کوششوں کو سراہتے ہوئے پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے تاریخی، مذہبی، ثقافتی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور خواتین کے حقوق کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا۔

ملاقات میں فلسطین اور افغانستان کی خواتین کے مسائل کو او آئی سی پلیٹ فارم پر مؤثر انداز میں اجاگر کرنے اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے پر زور دیا گیا۔

ڈاکٹر زہرہ بہروز آذر نے پاکستان کی او آئی سی وزارتی کانفرنس برائے خواتین کی آئندہ دو سالہ چیئرمین شپ کا خیرمقدم کرتے ہوئے خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے پاکستان کے مؤثر کردار پر اعتماد کا اظہار کیا۔