وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے این اے 60 میں سلی پُل، روپڑ پُل اور چکوہا روڈ کا افتتاح کردیا

4

جہلم،12 جولائی ( اے پی پی):وزیر مملکت خزانہ اور ریلوے بلال اظہر کیانی نے اپنے حلقہ انتخاب این اے 60 میں سلی پُل، روپڑ پُل اور چکوہا روڈ کا افتتاح کردیا۔

افتتاحی تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے کہا کہ عوام کی زندگی میں آسانی لانا اور وعدے پورے کرنا نوازشریف اور مسلم لیگ (ن) کی پہچان ہے۔

انہوں نے کہا کہ للہ جہلم روڈ پر تیزی سے کام جاری ہے، جلد اس کی تکمیل کی خوشخبری بھی عوام کو دیں گے۔ وزیراعظم شہبازشریف ملک بھر میں اور وزیراعلی مریم نوازشریف پنجاب میں مساوی بنیادوں پر ترقیاتی کام کروا رہے ہیں۔

بلال اظہر کیانی نے کہا کہ ان پلوں کی تعمیر سے ہزاروں افراد کا دیرینہ مطالبہ پورا ہو گیا ہے جو بارشوں اور سیلابی صورتحال میں علاقے سے مکمل کٹ جاتے تھے۔ جہلم میں سیوریج، نکاسی اور فراہمی آب، تعلیم، صحت سمیت ہر شعبے میں بھرپور ترقیاتی کام جاری ہے۔

قبل ازیں آمد پر اہل علاقہ نے وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کا پرتپاک استقبال کیا، پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور روایتی پگڑی بھی پہنائی۔

چکوہا روڈ کے افتتاح سے آمدورفت اور سفری سہولت دینے کا اہل علاقہ کا دیرینہ مطالبہ پورا ہوگیا۔ یونین کونسل سوہن میں سلی پُل کی تعمیر سے سیلاب سے متاثرہ عوام کی دیرینہ مشکل حل ہوگئی ہے۔ سلی پُل اور روپڑ پُل کی تعمیر سے دور دراز علاقوں کے مکینوں کو محفوظ اور آسان آمدورفت کی سہولت حاصل ہوگئی ہے۔