ویکسین کی مقامی تیاری اور نرسنگ شعبے کی ڈیجیٹائزیشن میں تیزی لانے کی ہدایت

1

اسلام آباد، 23 جولائی (اے پی پی): وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی سیکرٹری صحت، چیف انفارمیشن آفیسر ہیلتھ، چیف انفارمیشن آفیسر ڈریپ اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے نمائندوں نے ویکسین ڈویلپمنٹ منصوبے، مقامی ویکسین کی پیداوار میں جاری پیش رفت اور پاکستان نرسنگ اینڈ مڈوائفری کونسل کی ڈیجیٹائزیشن و اصلاحات کے حوالے سے بریفنگ دی۔

وفاقی وزیرِ صحت نے ہدایت کی کہ پاکستان میں ویکسین کی مقامی تیاری کے منصوبے پر جاری پیش رفت کو مزید تیز کیا جائے اور اس ضمن میں تمام ریگولیٹری، قانونی اور تکنیکی تقاضے بروقت مکمل کیے جائیں تاکہ ملک ویکسین کی مقامی پیداوار میں خود کفالت کی جانب تیزی سے آگے بڑھ سکے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ نرسنگ کے شعبے میں جامع اصلاحات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ انہوں نے پاکستان نرسنگ اینڈ مڈوائفری کونسل کے نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹائز کرنے اور اسے بین الاقوامی معیار کے مطابق جدید خطوط پر استوار کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے تربیت یافتہ نرسنگ افرادی قوت کی بڑھتی ہوئی ضرورت پوری کرنے کے لیے مؤثر اقدامات یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔

اجلاس میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے نمائندوں نے حکومتِ پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے ہر ممکن معاونت فراہم کرتا رہے گا۔ وفاقی وزیرِ صحت نے ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون کو سراہا۔