کوئٹہ، 23 جولائی، (اے پی پی)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ایڈیشنل سیشن جج طارق لاشاری سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور ان کی مزاج پرسی اور عیادت کی اور یقین دلایا کہ مکمل صحت یابی تک آپ کا مکمل خیال رکھا جائے گا میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ قانون اور انصاف کے محافظوں کو نشانہ بنانے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ حکومت بلوچستان دہشت گردی کے اس بزدلانہ واقعے میں ملوث عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو قانون کے کٹہرے میں لا کر منطقی انجام تک پہنچائے گی وزیراعلیٰ بلوچستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت عدلیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور تمام ریاستی اداروں کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے ذریعے ریاستی اداروں کو مرعوب کرنے کی ہر سازش ناکام بنائی جائے گی اور بلوچستان میں امن و امان کے قیام کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رہیں گے وزیراعلیٰ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ایڈیشنل سیشن جج طارق لاشاری سمیت تمام زخمیوں کو جلد مکمل صحت عطا فرمائے اور شہداءکے درجات بلند فرمائے۔











