پارلیمانی سیکریٹری بیرسٹر دانیال چوہدری کا مولانا فضل الرحمان کے متنازعہ ریمارکس پر سخت ردعمل

0

راولپنڈی، 14 جولائی (اے پی پی): وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے حالیہ بیان پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج کے جوانوں کی عظیم قربانیوں کو تنخواہ سے جوڑنا انتہائی غیر مناسب اقدام ہے جس سے شہداء، ان کے اہل خانہ اور پوری قوم کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سپاہیوں کی قربانیاں حب الوطنی، ایمان اور فرض شناسی کا مظہر ہیں جنہیں کسی مالی معاوضے سے منسوب نہیں کیا جا سکتا، کوئی بھی شخص محض تنخواہ کے لیے اپنی جان قربان نہیں کرتا۔ بیرسٹر دانیال چوہدری نے مزید کہا کہ پاک افواج کے افسران اور جوان ملکی دفاع اور عوام کے تحفظ کے لیے روزانہ قربانیاں دے رہے ہیں جن کی بدولت ملک میں امن قائم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان جیسے سینئر سیاستدان سے زیادہ ذمہ دارانہ طرز گفتگو کی توقع کی جاتی ہے اور قومی سلامتی و مسلح افواج سے متعلق بیانات دیتے وقت انتہائی احتیاط برتنی چاہیے کیونکہ پوری قوم اپنے شہداء پر فخر کرتی ہے اور ان کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھتی رہے گی۔