اسلام آباد،20جولائی (اے پی پی):پاکستان اور کینیڈا نے تجارت، سرمایہ کاری، سکیورٹی اور ترقیاتی شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔ دونوں ممالک نے دوطرفہ روابط کو ادارہ جاتی بنیادوں پر مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا جبکہ کینیڈا نے پاکستان میں سکیورٹی اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے 4 کروڑ 70 لاکھ کینیڈین ڈالر سے زائد کی معاونت کا اعلان کیا ہے۔
پیر کو وزارت خارجہ میں کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دیرینہ اور ہمہ جہت تعلقات موجود ہیں جن کی بنیاد تاریخی روابط، عوامی سطح پر مضبوط تعلقات اور کینیڈا میں مقیم متحرک پاکستانی کمیونٹی پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے اس دورے سے پیدا ہونے والی مثبت پیش رفت کو برقرار رکھنے، ادارہ جاتی تعاون بڑھانے، باقاعدہ دوطرفہ مشاورت اور متعلقہ وزارتوں و اداروں کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ اقتصادی تعاون دوطرفہ تعلقات کا بنیادی ستون ہے۔ اس ضمن میں تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے، کاروباری اداروں کے درمیان روابط کو فروغ دینے اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
انہوں نے کینیڈین کمپنیوں کو پاکستان کے ترجیحی شعبوں جن میں تعلیم، توانائی، کان کنی اور اہم معدنیات، زراعت، بنیادی ڈھانچے اور انفارمیشن ٹیکنالوجی شامل ہیں، میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔انہوں نے اعلان کیا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی موجودگی میں دونوں ممالک کینیڈین کینولا کی درآمد کے لیے فائٹو سینیٹری شرائط سے متعلق ایک نئے پروٹوکول پر دستخط کریں گے جس سے درآمدی نظام مزید شفاف اور قابل پیش گوئی ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی نیشنل ایگری ٹریڈ اینڈ فوڈ سیفٹی اتھارٹی، ماحولیاتی تحفظ ایجنسی اور کینیڈین فوڈ انسپیکشن ایجنسی نے بھی خوراک کے تحفظ، زرعی تجارت، تکنیکی تعاون اور استعداد کار میں اضافے کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔محمد اسحاق ڈار نے غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور تحفظ کے معاہدے (FIPA) پر جاری مذاکرات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک نے اب تک ہونے والی پیش رفت کا خیرمقدم کیا اور اس معاہدے کو جلد از جلد باہمی مفاد کی بنیاد پر حتمی شکل دینے کے لیے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات میں تعلیم، افرادی قوت کی نقل و حرکت، سائنس و ٹیکنالوجی، موسمیاتی تبدیلی، قونصلر امور اور عوامی روابط کے فروغ کے علاوہ افغانستان اور انسدادِ دہشت گردی میں تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔علاقائی امور پر گفتگو کرتے ہوئے نائب وزیراعظم نے مسئلہ جموں و کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود ایک دیرینہ حل طلب تنازع قرار دیتے ہوئے اس کے منصفانہ حل کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے کینیڈا سے سندھ طاس معاہدے کی بحالی کی حمایت کی بھی اپیل کی اور کہا کہ بین الاقوامی قانون اور معاہدوں کی پاسداری ضروری ہے۔اس موقع پر کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے کہا کہ ان کا یہ دورہ اس لحاظ سے خصوصی اہمیت رکھتا ہے کہ تقریباً 20 برس بعد کسی کینیڈین وزیر خارجہ نے پاکستان کا دورہ کیا ہے، حالانکہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کو آٹھ دہائیاں گزر چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کینیڈا کی عالمی تجارتی تنوع کی حکمت عملی میں اہم مقام رکھتا ہے جبکہ کینیڈا میں مقیم تین لاکھ سے زائد پاکستانی نژاد شہری دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنا رہے ہیں۔انیتا آنند نے مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ کینیڈا خطے میں بڑھتے ہوئے تنازع، شہری تنصیبات پر حملوں اور سمندری سلامتی کو لاحق خطرات پر تشویش رکھتا ہے۔ انہوں نے تمام فریقوں پر زور دیا کہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور سفارتی ذرائع سے مسائل کے حل کو ترجیح دیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں حکومتوں نے FIPA کو جلد مکمل کرنے پر اتفاق کیا ہے تاکہ دونوں ممالک کے سرمایہ کاروں کو زیادہ اعتماد اور تحفظ حاصل ہو۔زرعی تعاون کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ گزشتہ فصلی سال کے دوران پاکستان نے کینیڈا سے 4 لاکھ 70 ہزار ٹن سے زائد کینولا درآمد کیا۔
انہوں نے پاکستانی حکام کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے کینیڈین کینولا کو پاکستانی منڈی تک رسائی دینے میں تعاون کیا جبکہ کینیڈا مستقبل میں پاکستان سے چاول، ٹیکسٹائل اور کھیلوں کا سامان درآمد بڑھانے کا بھی خواہاں ہے۔انہوں نے کہا کہ کینیڈین کمپنیاں پاکستان میں قابل تجدید توانائی اور کان کنی کے شعبوں میں بھی تعاون بڑھا رہی ہیں۔ انہوں نے جے سی ایم پاور اور کراچی الیکٹرک کے اشتراک سے دھابیجی میں 240 میگاواٹ کے ہائبرڈ ونڈ اور سولر منصوبے اور بیرک کی ریکوڈک منصوبے میں سرمایہ کاری کا بھی ذکر کیا۔
انیتا آنند نے اعلان کیا کہ کینیڈا سرحدی نظم و نسق، انسداد دہشت گردی، مالی جرائم کی تحقیقات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تربیت کے لیے 22 لاکھ کینیڈین ڈالر سے زائد فراہم کرے گا۔ یہ منصوبے انٹرپول، اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسداد منشیات و جرائم (یو این او ڈی سی) اور رائل کینیڈین مائونٹڈ پولیس کے تعاون سے مکمل کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید اعلان کیا کہ کینیڈا پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے، بچیوں کی تعلیم، تولیدی صحت، خاندانی منصوبہ بندی اور سیلاب سے بحالی کے منصوبوں کے لیے 4 کروڑ 50 لاکھ کینیڈین ڈالر کی نئی ترقیاتی امداد فراہم کرے گا۔ یہ امداد آغا خان فائونڈیشن کینیڈا، اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) اور اقوام متحدہ کے پاپولیشن فنڈ (یو این ایف پی اے) کے اشتراک سے خرچ کی جائے گی۔
کینیڈا کی وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ تمام اقدامات دونوں ممالک کے اس مشترکہ عزم کی عکاسی کرتے ہیں کہ وہ طویل المدتی خوشحالی، استحکام اور پائیدار ترقی کے لیے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دیں گے۔











