اسلام آباد، 02 جولائی ( اے پی پی): وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر نے انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز’ (ISSI) کا دورہ کیا اور وہاں چینی کمیونسٹ پارٹی (CPC) کے 105 سال مکمل ہونے کی مناسبت سے منعقدہ ایک خصوصی سیمینار سے بطورِ مہمانِ خصوصی خطاب کیا۔
سیمینار کا عنوان “کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے 105 سال: کامیابیاں، تجربات اور پاک-چین مشترکہ مستقبل کا عزم” تھا جس میں مختلف سفارتی شخصیات، محققین اور دانشوروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اپنے خطاب کے دوران وفاقی وزیرِ مملکت وجیہہ قمر نے چینی کمیونسٹ پارٹی کو اس کے 105 سالہ شاندار سفر اور چین کو ایک عالمی معاشی طاقت بنانے میں اس کے بے مثال کردار پر بھرپور مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات محض روایتی سفارت کاری تک محدود نہیں ہیں، بلکہ یہ وقت کی ہر کسوٹی پر پورا اترنے والے گہرے، تزویراتی اور سدا بہار بھائی چارے پر مبنی ہیں جن کی جڑیں دونوں عوام کے دلوں میں پیوست ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی اور پیشہ ورانہ تربیت کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں جن سے فائدہ اٹھا کر دونوں ممالک کے نوجوانوں کو جدید دور کے چیلنجز سے نمٹنے کے قابل بنایا جا سکتا ہے۔ وزیرِ مملکت نے اس پختہ یقین کا اظہار کیا کہ دونوں برادر ممالک مل کر ایک مضبوط اور خوشحال ‘مشترکہ مستقبل کی کمیونٹی’ کی تعمیر کے لیے اپنی تزویراتی شراکت داری کو مزید آگے بڑھاتے رہیں گے تاکہ خطے میں پائیدار امن اور ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکے۔











