“پہلے عزت پھر نفاذ” کے عنوان سے پیرا فورس کے دربار کا انعقاد

5

لاہور, 02جولائی (اے پی پی): کمشنر لاہور مریم خان اور ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) علی اعجاز نے لاہور پیرا فورس کے دربار کی مشترکہ صدارت کی، جس میں فورس کی کارکردگی، نظم و ضبط اور نفاذِ قانون کے طریقہ کار کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

“لہجہ نرم، الفاظ بے باک۔۔۔ پہلے عزت پھر نفاذ” کے عنوان سے منعقدہ دربار میں لاہور پیرا فورس کے تمام ایس ڈی ای اوز، تفتیشی افسران اور فیلڈ اہلکاروں نے شرکت کی۔

دربار سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر لاہور مریم خان نے کہا کہ فورس نظم و ضبط کا نام ہے اور اس میں ذاتی مرضی کی کوئی گنجائش نہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہری قابلِ احترام ہیں، پیرا فورس اپنی ذمہ داریاں پوری کرے مگر ہر حال میں شہریوں کے احترام کو مقدم رکھا جائے۔

کمشنر لاہور نے واضح کیا کہ بداخلاقی اور نامناسب رویہ سول ایڈمنسٹریشن میں ہرگز قابل قبول نہیں اور اس حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیرا فورس کو مشکل اور غیر معمولی حالات میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوتا ہے، اس لیے اہلکار انتہائی محتاط، پیشہ ورانہ اور ذمہ دارانہ رویہ اختیار کریں۔

مریم خان نے بتایا کہ ناقص کارکردگی اور غیر مناسب رویے پر 7 اہلکاروں کو ملازمت سے فارغ جبکہ 300 اہلکاروں کو سرنڈر کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کا فیلڈ میں اصل چہرہ پیرا فورس ہے، اس لیے قانون پر سختی سے عملدرآمد کے ساتھ شہریوں سے نرم اور شائستہ رویہ اختیار کرنا ناگزیر ہے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) علی اعجاز نے کہا کہ پیرا فورس شہری انتظامی امور میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور ضلع کی ایک مؤثر انتظامی ٹیم ہے۔ انہوں نے کہا کہ فورس نے فلڈ اور عید کے دوران اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں سرانجام دیں، جس پر اہلکاروں کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ اچھی کارکردگی کی حوصلہ افزائی اور شکایات یا ناقص کارکردگی پر مؤثر احتساب کے لیے جزا و سزا کے نظام کو مزید سخت اور مؤثر بنایا جا رہا ہے تاکہ پیرا فورس کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور عوامی اعتماد میں مزید اضافہ ہو۔