اسلام آباد، 17 جولائی (اے پی پی): وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پاکستان کے فارماسیوٹیکل شعبے کے لیے آج کا دن انتہائی اہم ہے اور اسلام آباد میں جاری پاکستان چین کاروباری سرمایہ کاری کانفرنس اس شعبے کے لیے ایک اہم عالمی پیش رفت ہے۔
وزیر صحت نے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فارماسیوٹیکل کے تمام چھ شعبوں کے لیے یہ کاروباری کانفرنس منعقد کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کانفرنس میں تمام زمروں سے تعلق رکھنے والے 170 وفود کو مدعو کیا گیا ہے جبکہ فارماسیوٹیکل شعبے میں 100 ملین ڈالر کے معاہدے بھی طے پا رہے ہیں۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی اور ڈریپ کے درمیان گزشتہ چھ ہفتوں سے مشاورت جاری تھی جبکہ ہارون اختر نے بھی کانفرنس کے انعقاد کے حوالے سے درجنوں اجلاس کیے۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس کے ہر پہلو پر متعلقہ فریقین سے تفصیلی مشاورت کی گئی اور وزارت صحت و ڈریپ کے ساتھ مکمل رابطے کے ذریعے اس کی تیاری مکمل کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات نے کانفرنس سے متعلق تمام دستاویزی فلموں کا چینی زبان میں ترجمہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین فارماسیوٹیکل کانفرنس پاکستان کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگی اور اس کے ذریعے دنیا کو پاکستان کی استعداد اور مثبت تشخص سے آگاہی حاصل ہوئی ہے۔
وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ ٹیکنالوجی کی منتقلی کے ذریعے پاکستان نئی عالمی منڈیوں میں داخل ہوگا جبکہ فارماسیوٹیکل شعبے میں ٹیکنالوجی کی منتقلی سے روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا وژن پاکستان کو فارماسیوٹیکل شعبے میں نئی منڈیوں تک لے کر جائے گا۔
مصطفیٰ کمال نے کانفرنس کی کامیابی کے لیے کردار ادا کرنے والے تمام متعلقہ فریقین کا شکریہ بھی ادا کیا۔











