لاہور, 17 جولائی (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر مظفرگڑھ میں عوام کو مفت موسمی سبزیاں فراہم کرنے کے لیے شروع کیے گئے منفرد ’’سانجھی سبزی‘‘ منصوبے کو پنجاب بھر میں وسعت دینے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس عوامی فلاحی اقدام کو قابلِ تقلید قرار دیتے ہوئے تمام ڈپٹی کمشنرز کو اپنے اضلاع میں بھی اس منصوبے پر عملدرآمد کی ہدایت جاری کر دی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ محمد عثمان طاہر جپہ نے ملاقات کی اور انہیں ’’سانجھی سبزی‘‘ منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ مظفرگڑھ کے دیہی اور شہری علاقوں میں سرکاری عمارتوں اور سرکاری اراضی سے متصل 139 کنال رقبے پر 140 پلاٹس میں موسمی سبزیاں کاشت کی جا رہی ہیں، جن سے علاقے کے مستحق افراد کو ضرورت کے مطابق مفت سبزیاں فراہم کی جا رہی ہیں۔
بریفنگ کے مطابق منصوبے کا آغاز مظفرگڑھ میں مسیحی برادری کے ایک گاؤں سے کیا گیا، جس کے بعد مقامی افراد نے بھی رضاکارانہ طور پر دوسروں کے لیے سبزیاں کاشت کرنا شروع کر دی ہیں۔ ہیلتھ، لوکل گورنمنٹ، جنگلات، تعلیم اور اسسٹنٹ کمشنرز کے دفاتر سے ملحقہ خالی سرکاری اراضی کو بھی اس مقصد کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اس منفرد عوامی فلاحی اقدام کو سراہتے ہوئے ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ محمد عثمان طاہر جپہ کو چیف منسٹر میرٹ بیج اور ایک لاکھ روپے نقد انعام سے نوازا۔ انہوں نے منصوبے کو مزید وسعت دینے اور عوامی فلاح کے ایسے اقدامات کا تسلسل برقرار رکھنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ’’سانجھی سبزی‘‘ جیسے منصوبے معاشرتی تعاون، احساسِ ذمہ داری اور عوامی خدمت کی بہترین مثال ہیں، جنہیں پنجاب بھر میں فروغ دیا جائے گا۔











