پنجاب میں این جی اوز کی رجسٹریشن اور ریگولیشن کے قوانین میں ترامیم کی تیاری، شفاف اور مؤثر نظام پر اتفاق

6

لاہور، 18 جولائی (اے پی پی): پنجاب میں غیر سرکاری فلاحی تنظیموں (این جی اوز) کی رجسٹریشن، نگرانی اور ریگولیشن کے نظام کو مزید مؤثر اور شفاف بنانے کے لیے قوانین میں مجوزہ ترامیم پر اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ اس سلسلے میں ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب ڈاکٹر شہنشاہ فیصل عظیم کی زیر صدارت ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔

کمیونٹی ورلڈ سروس ایشیا کے اشتراک سے منعقدہ اجلاس میں مختلف اضلاع کے افسران، لاء کنسلٹنٹس اور متعلقہ ماہرین نے شرکت کی۔ اجلاس میں مجوزہ ترامیم پر تفصیلی غور کیا گیا اور مختلف تجاویز و سفارشات پیش کی گئیں۔

اجلاس کے دوران این جی اوز کی رجسٹریشن، تجدید رجسٹریشن اور مؤثر نگرانی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ شفاف، جامع اور مؤثر قانونی فریم ورک کی تشکیل کے لیے مشاورت مکمل کی گئی۔

ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر شہنشاہ فیصل عظیم نے اس موقع پر کہا کہ فلاحی اداروں کے لیے جدید، مؤثر اور قابلِ اعتماد ریگولیٹری نظام وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے سماجی بہبود کے شعبے میں شفافیت، جوابدہی اور گڈ گورننس کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مجوزہ ترامیم ایک مضبوط قانونی اور انتظامی نظام کے قیام میں اہم کردار ادا کریں گی۔

اجلاس کے شرکاء نے این جی او سیکٹر کو مزید منظم، شفاف اور مؤثر بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے اس سلسلے میں اصلاحاتی اقدامات جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔