اسلام آباد ،18 جولائی ( اے پی پی): وزیر مملکت خزانہ اور ریلوے بلال اظہر کیانی نے بیوٹی فیکیشن کے بعد سوہاوہ کے قدیمی مرکزی بازار کو شہریوں کی سہولت کے لیے رکاوٹوں سے پاک اور خوبصورت بنانے کے بعد ماڈل بازار کا باضابط افتتاح کر دیا۔ افتتاح کے بعد بلال اظہر کیانی نے بازار کے مختلف حصوں کا دورہ بھی کیا۔
پنجاب کے شہروں اور بازاروں کو رکاوٹوں سے پاک اور خوبصورت بنانے کے وزیراعلی مریم نواز شریف کے منصوبے کے تحت سوہاوہ مرکزی بازار بیوٹی فیکیشن منصوبے کو مکمل کیا گیا ہے۔ سوہاوہ مرکزی بازار بیوٹی فیکیشن منصوبے کو 10 کروڑ 92 لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے۔ ماڈل بازار میں شہریوں کے پیدل چلنے، سٹریٹ لائٹس، سیوریج اور نکاسی سمیت دیگر سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہیں جو پورے پنجاب کو ترقی دے رہی ہیں۔ ضلع جہلم کے لئے ریکارڈ ترقیاتی منصوبے قائد محمد نواز شریف کی جہلم کے عوام سے خصوصی محبت کا اظہار ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف وفاق کی سطح پر ملک و قوم کی معاشی اور سماجی ترقی کے لیے مخلصانہ کاوشیں کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ضلع جہلم کے تینوں شہروں جہلم، دینہ اور سوہاوہ میں ماڈل بازار بن رہے ہیں۔ سوہاوہ مرکزی بازار کی طرح دینہ اور جہلم کے ماڈل بھی جلد مکمل ہو جائیں گے۔ ہم نے دکاندار بھائیوں کے دکانوں کے حوالے سے حقوق کا بھی تحفظ یقینی بنایا۔ سوہاوہ مرکزی بازار کی بیوٹی فیکیشن سے عوام اور دکاندار دونوں ہی خوش ہیں۔قبل ازیں وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کو سوہاوہ مرکزی بازار کی بیوٹی فیکیشن کے منصوبے پر بریفنگ دی گئی۔
دریں اثنا وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے میونسپل کمیٹی ہال سوہاوہ میں کھلی کچہری منعقد کی۔ وزیر اعلٰی پنجاب مریم نواز کے مشیر صحت جنرل(ر) اظہر کیانی بھی کھلی کچہری میں موجود تھے۔ وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے تقریباً چھ گھنٹے سے زائد شہریوں کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے موقع پر ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر انتظامیہ، پولیس اور دیگر محکموں کے اعلی حکام بھی موجود تھے۔
وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے ضلع جہلم کے عوام سے براہ راست مسائل سننے کےلئے کھلی کچہریوں کے انعقاد کا سلسلہ شروع کیا تھا۔ وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے 4 جولائی کو جہلم جبکہ 12 جولائی کو دینہ میں کھلی کچہری منعقد کی تھی۔











