قصور،29جولائی(اے پی پی): وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے عوام دوست وژن کے مطابق پنجاب میں جدید، محفوظ اور ماحول دوست پبلک ٹرانسپورٹ کے فروغ کے سلسلے میں گرین بس سروس کی افتتاحی تقریبات قصور، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، نارووال، وہاڑی اور گجرات میں بیک وقت منعقد ہوئیں۔ ان تمام اضلاع میں وزیراعلیٰ پنجاب نے ورچوئل طور پر منصوبے کا افتتاح کیا، جبکہ مقامی سطح پر وفاقی و صوبائی وزراء، اراکینِ قومی و صوبائی اسمبلی، ضلعی انتظامیہ اور دیگر اعلیٰ حکام نے تقریبات میں شرکت کی۔ضلع قصور میں منعقدہ افتتاحی تقریب میں وفاقی وزیر مملکت برائے فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ ملک رشید احمد خان ایڈووکیٹ، صوبائی وزیر قانون رانا محمد اقبال خان، رکن قومی اسمبلی میاں سعد وسیم شیخ ایڈووکیٹ، ممبران صوبائی اسمبلی حاجی محمد نعیم صفدر انصاری ایڈووکیٹ، چوہدری احسن خان، محمد الیاس گجر، حاجن صفیہ سعید، ڈپٹی کمشنر قصور محمد آصف رضا، ڈی پی او قصور آفتاب احمد پھلروان سمیت دیگر اعلیٰ حکام، سیاسی و سماجی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گرین بس سروس صرف ایک ٹرانسپورٹ منصوبہ نہیں بلکہ عوام کی زندگی میں آسانیاں پیدا کرنے کا ایک جامع اقدام ہے۔ ہماری حکومت کا عزم ہے کہ پنجاب کے ہر شہر کے شہریوں کو جدید، محفوظ، ماحول دوست اور معیاری سفری سہولیات میسر ہوں۔ عوام کی خدمت، سہولت اور فلاح ہی ہماری اولین ترجیح ہے۔ جدید پبلک ٹرانسپورٹ کا یہ نظام شہریوں کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے، ٹریفک کے مسائل میں کمی لانے اور ماحول کو آلودگی سے محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت صوبے بھر میں عوامی فلاح کے منصوبوں کا دائرہ مزید وسیع کر رہی ہے تاکہ شہریوں کو معیاری سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی جا سکیں اور ترقی کے ثمرات ہر ضلع تک یکساں طور پر پہنچیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی قیادت میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ گرین بس سروس کے آغاز سے قصور سمیت دیگر اضلاع کے شہریوں کو جدید، آرام دہ، محفوظ اور کم لاگت سفری سہولت میسر آئے گی، جبکہ ماحولیاتی تحفظ، ایندھن کی بچت اور پائیدار شہری ٹرانسپورٹ کے فروغ میں بھی نمایاں پیش رفت ہوگی۔اس موقع پر بتایا گیا کہ ضلع قصور کے لیے ابتدائی مرحلے میں پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کے زیر انتظام فوٹونگ کمپنی کی 11 جدید، ایئرکنڈیشنڈ اور ماحول دوست بسیں فراہم کی گئی ہیں۔ گرین بس سروس کو قصور میں دو روٹس پر چلایا جائے گا۔ پہلا روٹ جنرل بس اسٹینڈ تا گجومتہ جبکہ دوسرا روٹ جنرل بس اسٹینڈ تا کھڈیاں ہوگا۔ یہ سروس روزانہ صبح 6:00 بجے سے رات 9:00 بجے تک دستیاب ہوگی، جبکہ تمام روٹس کے لیے کرایہ صرف 20 روپے مقرر کیا گیا ہے تاکہ ہر طبقہ فکر کے شہری اس جدید سفری سہولت سے مستفید ہو سکیں۔تقریب کے اختتام پر مہمانانِ خصوصی نے گرین بس سروس کا باقاعدہ افتتاح کیا، بسوں کا معائنہ کیا اور متعلقہ حکام سے منصوبے کی آپریشنل تیاریوں، مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات، روٹس اور دیگر انتظامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ حاصل کی۔شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے گرین بس سروس کو ضلع قصور کے لیے ایک تاریخی تحفہ قرار دیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ یہ منصوبہ شہریوں کو باوقار، محفوظ، آرام دہ اور معیاری سفری سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ جدید شہری ٹرانسپورٹ کے فروغ میں بھی ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔











