لاہور، 18 جولائی (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں جدید سیوریج اور نکاسیٔ آب کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے واسا کو جدید مشینری کی فراہمی کے منصوبے کا آغاز کرتے ہوئے متعلقہ حکام کے حوالے علامتی چابیاں کیں۔ پہلے مرحلے میں پنجاب کے 15 اضلاع کو 12 اقسام کی 272 جدید مشینیں فراہم کر دی گئی ہیں، جبکہ 41 اضلاع میں مجموعی طور پر 696 مشینوں اور آلات کی فراہمی کا عمل جاری ہے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سکیورٹی ہٹا کر واسا ورکرز سے ملاقات کی، ان کی خواہش پر گروپ فوٹو بھی بنوایا اور انہیں دلجمعی اور محنت سے فرائض انجام دینے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ جدید مشینری کی فراہمی سے نکاسیٔ آب کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے گا اور شہریوں کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔
صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یٰسین اور سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے وزیراعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پہلے مرحلے میں واسا کو 12 مختلف اقسام کی 272 مشینیں فراہم کی جا چکی ہیں۔ ان میں لوڈر رکشہ، ٹریکٹر ٹرالی، سیور ونچ مشین، ڈی سیلٹنگ مشین، سیور جیٹنگ مشین، ڈی واٹرنگ پمپ، واٹر باؤزر، ڈمپ ٹرک، ٹریکٹر، بیکو مشین، سیور سکشن مشین، وہیل ایکسکیویٹر اور ٹرک بوم کرین شامل ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ہر شہر اور ہر شہری کو بہتر شہری سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں واسا کا نیٹ ورک دو اضلاع سے بڑھا کر 41 اضلاع تک وسیع کر دیا گیا ہے اور عوام کی سہولت کے لیے سیوریج اور نکاسیٔ آب کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ترقی کا سفر صرف لاہور تک محدود نہیں بلکہ پورے پنجاب کے ہر شہر تک پہنچایا جائے گا۔











