چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی آیت اللہ علی خامنہ ای شہید کی تعزیتی تقریب میں شرکت

4

تہران، 03 جولائی (اے پی پی): چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران میں آیت اللہ علی خامنہ ای شہید کی تعزیتی تقریب میں شرکت کی۔

اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزیشکیان اور ایرانی قیادت سے  آیت اللہ علی خامنہ ای شہید کے انتقال پر پاکستان کی پارلیمان، حکومت اور عوام کی جانب سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اس دکھ کی گھڑی میں برادر اسلامی جمہوریہ ایران اور اس کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے آیت اللہ علی خامنہ ای شہید کی دینی، علمی اور فکری خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے امت مسلمہ کے اتحاد، اسلامی اقدار کے فروغ اور عالم اسلام کی رہنمائی میں نمایاں کردار ادا کیا۔ ان کی خدمات کو ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے یاد رکھا جائے گا۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اور گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے تعزیتی تقریب میں شرکت کے دوران مرحوم کے درجات کی بلندی، ایرانی عوام کے لیے صبر جمیل اور دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے مزید استحکام کے لیے دعا کی۔