وزیراعظم کی نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور ترقی کے مواقع بڑھانے پر توجہ، رانا مشہود

4

 اسلام آباد،03 جولائی(اے پی پی): چیئرمین پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام رانا مشہود نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نوجوانوں کو بااختیار بنانے، انہیں ہر شعبۂ زندگی میں مواقع فراہم کرنے اور ان کی ترقی کے لیے عملی اقدامات پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ہمیشہ نوجوانوں کی فلاح و بہبود کو ترجیح دی ہے اور مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں بھی نوجوانوں کو مرکزی حیثیت دیتے ہوئے متعدد اہم اقدامات متعارف کرائے ہیں۔

 رانا مشہود نے کہا کہ گزشتہ سال 8 سے 9 لاکھ نوجوانوں کو عالمی سطح پر روزگار کے مواقع فراہم کیے گئے، جبکہ اسٹارٹ اپس کے فروغ کے لیے کیے گئے اقدامات کے نتیجے میں بھی تقریباً 9 لاکھ نوجوانوں کو روزگار ملا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی پالیسیوں کے باعث آئی ٹی برآمدات ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہیں، جو نوجوانوں کی صلاحیتوں اور ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کا واضح ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کی تعلیم، ہنر مندی، روزگار اور کاروباری مواقع میں مزید اضافے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی تاکہ انہیں ملکی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے مزید مواقع میسر آئیں۔