ڈریپ کے ڈبلیو ایچ او میچیورٹی لیول 3 ہدف پر پیش رفت کا جائزہ

2

اسلام آباد، 14 جولائی (اے پی پی): وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال سے پاکستان میں عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے نمائندے نے ملاقات کی، جس میں ڈریپ کے لیے ڈبلیو ایچ او میچیورٹی لیول 3 کے حصول کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

ملاقات کے دوران ڈبلیو ایچ او کے سربراہ نے صحت کے شعبے میں جاری اصلاحات کے لیے مصطفیٰ کمال کی قیادت اور عزم کو سراہا۔ انہوں نے وفاقی کابینہ سے پاکستان کی پہلی قومی ویکسین پالیسی کی منظوری کو صحت کے شعبے کے لیے ایک تاریخی اقدام قرار دیا۔

وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ پاکستان کے لیے ڈبلیو ایچ او میچیورٹی لیول 3 کے حصول کی کوششوں میں عالمی ادارۂ صحت کی تکنیکی معاونت قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ چند روز میں تمام صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا جائے گا جس میں اس حوالے سے ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا اور وفاق و صوبوں کے درمیان مؤثر ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

مصطفیٰ کمال نے اظہارِ امید کیا کہ پاکستان اپریل 2027 تک ڈبلیو ایچ او میچیورٹی لیول 3 کا درجہ حاصل کر لے گا، جس سے ملک کی دواساز صنعت کو عالمی سطح پر مزید پذیرائی ملے گی، تقریباً 160 ممالک کی فارماسیوٹیکل منڈیوں تک رسائی آسان ہوگی اور دواساز برآمدات و عالمی مسابقتی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔