وفاقی وزیر سید عمران احمد شاہ سے ورلڈ فوڈ پروگرام کی نو تعینات کنٹری ڈائریکٹر انیتا ہرش کی ملاقات

4

اسلام آباد،15جولائی(اے پی پی): وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ سے ورلڈ فوڈ پروگرام (WFP) کی نو تعینات کنٹری ڈائریکٹر انیتا ہرش نے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر نے انیتا ہرش کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر خوش آمدید کہا اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ملاقات کے دوران حکومتِ پاکستان اور ورلڈ فوڈ پروگرام کے درمیان شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں جانب سے غذائیت، غذائی تحفظ، اسکول میلز اور شواہد پر مبنی پالیسی سازی کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر بھی تبادلۂ خیال ہوا۔

وفاقی وزیر سید عمران احمد شاہ نے بینظیر نشوونما پروگرام 3.0 کی تین سالہ توسیع کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام نے بچوں میں اسٹنٹنگ کی شرح میں کمی لانے کے حوالے سے نمایاں نتائج دیے ہیں۔ انہوں نے وزارتِ تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ کے ماتحت دیگر اداروں تک ورلڈ فوڈ پروگرام کے تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

سید عمران احمد شاہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت کمزور اورمستحق طبقات کے لیے مؤثر اور پائیدار سماجی تحفظ کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تمام شراکت دار اداروں کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی۔

اس موقع پر ورلڈ فوڈ پروگرام کی کنٹری ڈائریکٹر انیتا ہرش نے کہا کہ ورلڈ فوڈ پروگرام حکومتِ پاکستان کے ساتھ غذائیت، غذائی تحفظ اور سماجی تحفظ کے شعبوں میں اپنا تعاون مستقبل میں بھی جاری رکھے گا۔