ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اویس مشتاق کا علی الصبح تحصیل پسرور کا دورہ، زیر تعمیر جوڈیشل کمپلیکس، صفائی اور شہری سہولیات کا تفصیلی جائزہ

1

سیالکوٹ، 18 جولائی ( اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اویس مشتاق نے علی الصبح تحصیل پسرور کا دورہ کیا اور زیر تعمیر ترقیاتی منصوبوں، صفائی ستھرائی، شہری سہولیات اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر پسرور ثناء شرافت، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی عبدالحئی اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے زیر تعمیر جوڈیشل کمپلیکس پسرور کا معائنہ کیا اور تعمیراتی کام کی رفتار، معیار اور پیشرفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبے کو مقررہ مدت میں اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو جدید اور معیاری عدالتی سہولیات میسر آ سکیں۔

بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے “ستھرا پنجاب” پروگرام کے تحت شہر کی گرین بیلٹس، نالوں کی صفائی، ریڑھی بازار، مین بازار اور دیگر اہم مقامات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے گرین بیلٹس میں گھاس کی بروقت کٹائی، پودوں کی دیکھ بھال اور صفائی ستھرائی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ورکس فورس مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی شاہراہوں، بازاروں اور اندرونی گلیوں میں یکساں طور پر صفائی کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھا جائے۔

ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ شہر میں تعمیراتی ملبہ اور بلڈنگ میٹریل صرف متعلقہ تعمیراتی مقامات تک محدود رکھا جائے جبکہ تعمیراتی سامان کو مناسب انداز میں کور کیا جائے تاکہ گردوغبار اور ماحولیاتی آلودگی کی روک تھام یقینی بنائی جا سکے۔

دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے چونڈہ پھاٹک پر قائم ماڈل بازار اور شہر کے اہم چوکوں کی اپ گریڈیشن اور بیوٹیفکیشن کے جاری کاموں کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ شہریوں کو صاف، محفوظ اور خوشگوار ماحول کی فراہمی، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور عوامی سہولیات کے معیار میں مزید بہتری کے لیے تمام اقدامات بروقت مکمل کیے جائیں۔