کسی بھی قوم کی ترقی کا راستہ صرف معیاری تعلیم سے ہو کر گزرتا ہے ،اسپیکرپنجاب اسمبلی

1

قصور,18جولائی(اے پی پی):اسپیکرپنجاب اسمبلی ملک محمداحمدخاں نے کہا کہ کسی بھی قوم کی ترقی کا راستہ صرف معیاری تعلیم سے ہو کر گزرتا ہے اور جب تک ریاست اپنے وسائل کا بڑا حصہ تعلیم پر خرچ نہیں کرے گی‘ ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا‘ تعلیم پر سرمایہ کاری کے بغیر ترقی ناممکن ہے‘ موجود حالات میں اے آئی تعلیم اتنی ضروری ہے جتنا سانس لینا ہر پرائمری سکول میں اے آئی لیب بنائی جائے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے قصورمیں مقامی میرج ہال میں قومی تعلیمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سپیکرپنجاب اسمبلی ملک محمداحمدخاں نے ”نواز شریف سکول آف ایمیننس” منصوبے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر اس پر مؤثر انداز میں عمل کیا گیا تو یہ تعلیمی انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے تعلیم کے شعبے میں اقدامات کو بھی سراہا۔ملک محمداحمدخاں نے مزیدکہا کہ وہ نالج اور ٹیکنالوجی پر مبنی نظامِ تعلیم کے حامی ہیں اور چاہتے ہیں کہ ہر بچے کے ہاتھ میں لیپ ٹاپ اور ہر پرائمری سکول میں AI لیب قائم کی جائے، کیونکہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے آراستہ تعلیم ہی پاکستان کی ترقی کی ضمانت بن سکتی ہے۔اس موقع پرچیئرمین مانیٹرنگ کمیٹی وزیراعلیٰ پنجاب حاجی نعیم صفدرانصاری‘ چیف ایگزیکٹوآفیسر ایجوکشن قصور گلزار بھٹی‘سکولوں کے سربراہان بھی موجودتھے۔