گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور کا دورہ

2

پشاور، 30 جولائی (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے جمعرات کے روزلیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور کا دورہ کیا۔ انہوں نے ہنگو کے علاقے خزینہ بانڈہ پولیس پوسٹ پر گزشتہ روز ہونے والے دہشت گرد حملے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی عیادت کی، ان کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ دورے کے موقع پر گورنر خیبرپختونخوا کو ہسپتال انتظامیہ نے زخمی اہلکاروں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور جاری علاج سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ گورنر نے ہدایت کی کہ زخمی پولیس اہلکاروں کے علاج معالجے میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے اور انہیں بہترین ممکنہ طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا پولیس کی قربانیاں پوری قوم کا قابلِ فخر سرمایہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی لازوال قربانیوں اور زخمی اہلکاروں کی بہادری کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کے خاتمے اور ملک میں پائیدار امن کے قیام کے لیے پوری قوم اپنی مسلح افواج، سیکیورٹی فورسز اور پولیس کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔ بعد میں لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا نے ہنگو کے افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے صوبائی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر خیبرپختونخوا کے امن اور عوام کے مفاد کو ترجیح دی جانی چاہیے۔ ذاتی انا اور سیاسی محاذ آرائی نے صوبے کو ایک نازک صورتحال سے دوچار کر دیا ہے۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی اور آئین و قانون کو تسلیم نہ کرنے والے عناصر کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے مؤثر خاتمے کے لیے وفاق اور صوبے کے درمیان مضبوط رابطہ اور مؤثر ہم آہنگی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس دہشت گردی کے خلاف جنگ میں صفِ اول کا کردار ادا کر رہی ہے، اس لیے اسے جدید اسلحہ، ضروری وسائل اور بہتر سہولیات کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کی تنخواہیں بھی ملک کے دیگر صوبوں کے مقابلے میں کم ہیں، جن پر نظرثانی کی جانی چاہیے۔  گورنر خیبرپختونخوا نے وزیراعظم پاکستان اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے گزارش کی کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال پر اعلیٰ سطحی اجلاس بلایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بھی طلب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ حالات کو مزید بگڑنے سے پہلے مؤثر اور فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ صوبے میں دہشت گردی کی لہر پر قابو پایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیح امن کا قیام ہونا چاہیے۔ اس مقصد کے لیے صوبائی اسمبلی کا ان کیمرہ اجلاس اور صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس فوری طور پر طلب کیا جائے تاکہ موجودہ سیکیورٹی صورتحال کا جامع جائزہ لے کر مؤثر حکمت عملی مرتب کی جا سکے۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہماری افواج اور پولیس دہشت گردی کے خلاف بہادری سے نبرد آزما ہیں، انہیں پوری قوم کی غیر متزلزل حمایت حاصل ہونی چاہیے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ صوبے میں امن، استحکام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرتے رہیں گے۔