آزاد کشمیر میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کا انعقاد ہوا، ہم نے سادہ اکثریت حاصل کر لی،رانا ثنا ء اللہ

5

اسلام آباد۔3اگست (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ اور نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں دو مراحل میں پرامن انتخابات کے انعقاد سے جمہوریت،کشمیری عوام اور ریاست کی کامیابی ہوئی ہے ،عوام نے مسلم لیگ ن کی قیادت اور جماعت پر جس اعتماد کا اظہار کیا اس پر انہیں مایوس نہیں کریں گے،جو وعدے کئے ہیں وہ پورے کریں گے ۔

پیر کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے کہا کہ دوسرے مرحلے میں آزاد کشمیر اور مہاجرین کے 20 حلقوں میں انتخابی عمل مکمل ہوا،دوسرے مرحلے میں مسلم لیگ (ن) نے 23 نشستوں پر کامیابی حاصل کرلی،مسلم لیگ (ن) نے آزاد کشمیر میں سادہ اکثریت حاصل کرلی ہے ۔میرپور ڈویژن کی 9 اور مظفرآباد ڈویژن کی 7 نشستوں میں سے 4 پر مسلم لیگ (ن)،3 نشستوں پر پیپلز پارٹی کے امیدوار کامیاب ہوئے،مہاجرین کی 12 میں سے 10 نشستوں پر مسلم لیگ (ن) اور 2 نشستوں پر پیپلز پارٹی کے امیدوار کامیاب ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کا انعقاد ہوا،کامیاب امیدواروں سمیت انتخاب ہارنے والے تمام امیدوار بھی مبارکباد کے مستحق ہیں، آزاد کشمیر میں عوامی مینڈیٹ سے حکومت واضح طور پر وجود میں آئے گی،مسلم لیگ (ن) کی حکومت آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی کا نیا دور شروع کرے گی۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ میاں نواز شریف کے وعدے کے مطابق آزاد کشمیر کے عوام سے کیے گئے وعدے پورے کریں گے۔ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی اکثریتی حکومت قائم ہوگی۔ انتخابات کے آخری مرحلے کے فوری بعد مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کااجلاس ہوگاجس میں حکومت سازی پر بات ہوگی،انتخابی کامیابی پر مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں، ووٹرز اور ورکرز کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور مرکزی قیادت کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔