احسن اقبال کی زیر صدارت نیشنل پرائس مانٹرنگ کمیٹی کا اجلاس، خوراک کے معیار میں بہتری کے اقدامات پر زور

1

اسلام آباد،19اگست  (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت نیشنل پرائس مانٹرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں اشیائے خوردونوش کے معیار، صارفین کو معیاری خوراک کی فراہمی اور قیمتوں کی مؤثر نگرانی سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

احسن اقبال نے کہا کہ شہریوں کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے، خوراک کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے مؤثر نگرانی اور جامع اقدامات کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ دودھ اور گھی کے معیار کی جانچ کے بعد مصالحوں سمیت دیگر اشیائے خوردونوش کے معیار کو بھی جانچا جائے گا تاکہ مارکیٹ میں معیاری مصنوعات کی دستیابی یقینی بنائی جا سکے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ چاروں صوبوں کی فوڈ اتھارٹیز کے تعاون سے ملک گیر کوالٹی کنٹرول کا مربوط نظام مزید مؤثر بنایا جائے، جبکہ دیہی علاقوں کی مارکیٹوں کو بھی نگرانی کے نظام میں شامل کیا جائے۔

احسن اقبال نے کہا کہ خوراک اور اشیائے خوردونوش کا معیار بہتر بنانا نہ صرف عوام کی صحت بلکہ پاکستان کی برآمدات میں اضافے کے لیے بھی اہم ہے۔ حکومت کا مقصد صنعتوں کو بند کرنا نہیں بلکہ مصنوعات کے معیار کو بہتر بنانا اور صارفین کو محفوظ و معیاری اشیاء کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔

انہوں نے ایل پی جی کی قیمتوں کی مؤثر نگرانی کے لیے بھی جامع نظام وضع کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ عوام کو مناسب قیمت پر توانائی کی سہولت دستیاب رہے۔