اسلام آباد، 19 اگست (اے پی پی): صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بدھ کے روز ایوانِ صدر میں فیڈرل پبلک سروس کمیشنکے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) اختر نواز ستی سے ملاقات کے دوران ایف پی ایس سی کی سالانہ رپورٹ 2024 وصول کی اور سرکاری ملازمتوں میں میرٹ، شفافیت اور پیشہ ورانہ معیار کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
ملاقات میں سینیٹر سلیم مانڈوی والا بھی موجود تھے۔
صدر زرداری نے گڈ گورننس کے فروغ میں ایف پی ایس سی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک کے اہم اور تکنیکی عہدوں پر صرف باصلاحیت اور مستحق افراد کی تعیناتی ہونی چاہیے۔
انہوں نے کمیشن میں پیپر لیس اور جدید اصلاحات کی تعریف کی اور ادارے کو عوام کا اعتماد برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر چیئرمین FPSC نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سال 2024 کے دوران 1,722 اسامیوں کے لیے 2,74,566 درخواستیں موصول ہوئیں، جن کی جانچ پڑتال کے بعد مختلف وزارتوں اور ڈویژنز میں 1,816 امیدواروں کو تعیناتی کی سفارش کی گئی ہے۔











