اسلام آباد لائف اسٹائل فرنیچر ایکسپو کی افتتاحی تقریب، فرنیچر صنعت کی ترقی اور ملکی معیشت میں کردار کی اہمیت پر زور

5

اسلام آباد، 21 اگست (اے پی پی): اسلام آباد لائف اسٹائل فرنیچر ایکسپو کی افتتاحی تقریب جمعہ کو اسلام آباد ٹیولپ ہوٹل میں منعقد ہوئی، جس میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

چیئرمین سینیٹ نے ایکسپو میں مختلف اسٹالز کا دورہ کیا اور فرنیچر انڈسٹری کے جدید ڈیزائنز، اعلیٰ معیار کے ووڈ ورک اور مصنوعات کو سراہا۔ انہوں نے فرنیچر کی صنعت کی ترقی اور ملکی معیشت میں اس کے کردار کی اہمیت پر زور دیا۔

اس موقع پر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان میں فرنیچر کا شعبہ بے پناہ صلاحیتوں کا حامل ہے۔ اس صنعت کی ترقی سے نہ صرف ملکی معیشت کو فروغ ملے گا بلکہ مقامی صنعت کاروں کو عالمی معیار کی مصنوعات تیار کرنے اور بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی حاصل کرنے کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔

ایکسپو میں جدید و روایتی فرنیچر، گھر کی سجاوٹ کی اشیا اور ہاتھ سے تیار کردہ مختلف دستکاریوں کی نمائش کی گئی ہے۔ جدید مساج کرسیاں اور لگژری فرنیچر بھی شرکاء کی خصوصی توجہ کا مرکز رہے۔