اٹلی اور جنوبی کوریا کے سفیروں کی صدرِ مملکت کو سفارتی اسناد پیش، دوطرفہ تعاون بڑھانے کا عزم

0

اسلام آباد، 12 اگست (اے پی پی): صدرِ مملکت آصف علی زرداری کو اٹلی کے نامزد سفیر یوگو چیارلاتانی اور جنوبی کوریا کے نامزد سفیر ہان سونگ ہو نے ایوانِ صدر میں اپنی سفارتی اسناد پیش کر دیں۔

اطلاعات و نشریات کے شعبے کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق صدرِ مملکت نے اطالوی سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت 1 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکی ہے۔ انہوں نے سفارتی پاسپورٹ ہولڈرز کے لیے ویزا شرط کے خاتمے کے معاہدے کو سراہا اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان کی حمایت پر اٹلی کا شکریہ ادا کیا۔

بعد ازاں جنوبی کوریا کے سفیر سے بات چیت میں صدر زرداری نے دوطرفہ تجارتی و معاشی تعلقات کی توسیع، جامع معاشی شراکت داری معاہدے  کی پیشرفت، اور موسمیاتی تبدیلی، جہاز سازی، ٹیکنالوجی و دفاعی شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

اس موقع پر سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور سیکرٹری خارجہ بھی موجود تھے۔