برانڈ روڈ، حسین آگاہی روڈ منصوبوں کا سول ورک رواں ماہ مکمل کرنے کا فیصلہ

5

ملتان ،24 اگست (اے پی پی ): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام مزید تیز کردیا گیا، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی زیر صدارت اجلاس میں برانڈ روڈ اور حسین آگاہی ڈویلپمنٹ پراجیکٹس پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے برانڈ روڈ اور حسین آگاہی روڈ کے ترقیاتی کام مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منصوبوں کے معیار اور رفتار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ حسین آگاہی روڈ اپ گریڈیشن منصوبے پر کام مزید تیز کیا جائے تاکہ شہریوں کو جلد ریلیف فراہم کیا جاسکے۔

ڈاکٹر فیصل سلیم نے کہا کہ برانڈ روڈ اور حسین آگاہی روڈ منصوبوں کی تکمیل سے ٹریفک کی روانی بہتر ہونے کے ساتھ شہریوں کو سہولیات کی فراہمی میں نمایاں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ خوبصورت ملتان ویژن کے تحت دونوں سڑکوں کی تزئین و بحالی کا عمل جاری ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ رواں ماہ برانڈ روڈ اور حسین آگاہی روڈ اپ گریڈیشن منصوبوں کا سول ورک مکمل کرلیا جائے گا۔ متعلقہ محکموں کو تعمیراتی کام کی رفتار برقرار رکھنے اور منصوبوں کو مقررہ معیار کے مطابق مکمل کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔