اسلام آباد، 5 اگست (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ یوم استحصال کشمیر آج پوری دنیا میں یوم سیاہ کے طور پر منایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کو بھارت نے یک طرفہ اقدام کرتے ہوئے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کی کوشش کی، جو کسی طور پر قابل قبول نہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور مسلم اکثریتی علاقے میں باہر سے ہندوؤں کو لا کر آباد کیا جا رہا ہے تاکہ مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کیا جا سکے۔
ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی قربانیوں اور استقامت کو سلام پیش کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد نہیں ہوتا، پاکستان کا ہر شہری کشمیریوں کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔











