تھائی لینڈ ایشین آسٹریلین فٹبال چیمپئن شپ: اے ایف ایل پاکستان کا تربیتی کیمپ اسلام آباد میں جاری

0

اسلام آباد، 19 اگست (اے پی پی):  تھائی لینڈ میں منعقد ہونے والی ایشین آسٹریلین فٹبال چیمپئن شپ کی تیاریوں کے سلسلہ میں اے ایف ایل پاکستان کی قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ اسلام آباد میں جاری ہے، جہاں 30 سے زائد کھلاڑی بھرپور تمرین میں مصروف ہیں۔

 تربیتی کیمپ 25 اگست تک جاری رہے گا جس میں کوچنگ اسٹاف کی جانب سے کھلاڑیوں کی فٹنس، اسکلز، ٹیم ورک اور جاپان، چین اور فلپائن کے خلاف میچز کی حکمت عملی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

 قومی ٹیم 27 اگست کو تھائی لینڈ کے لیے روانہ ہوگی، جہاں وہ اپنے افتتاحی معرکوں میں جاپان، چین اور فلپائن کے خلاف میدان میں اترے گی۔ قومی ٹیم کے کپتان احسن علی نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ جیت کی جو روایت پاکستان نے قائم کی ہے، اسے برقرار رکھیں۔

کھلاڑیوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ میدان میں محنت اور جذبہ کے ساتھ پاکستان کے لیے کامیابی سمیٹیں  گے۔

انہوں نے کہا کہ اعلیٰ مورال کے ساتھ پرعزم قومی کھلاڑی ایشین چیمپئن شپ میں فتح حاصل کر کے ایشیا میں اپنی پوزیشن مزید مضبوط بنانے اور ملک کا پرچم سربلند کرنے کے لیے سخت محنت کر رہے ہیں۔