قصور میں حضرت بابا بلھے شاہؒ کے مزار کی ساڑھے تین کروڑ سے تزئین و آرائش، عرس کی تیاریاں عروج پر

2

قصور۔20 اگست (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر برصغیر پاک و ہند کے عظیم صوفی شاعر حضرت سید بابا بلھے شاہؒ کے مزار شریف کی ساڑھے تین کروڑ روپے کی لاگت سے تزئین و آرائش کا کام تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہو گیا ہے۔

بابا بلھے شاہؒ کا سالانہ عرس مبارک 27 اگست 2026ء کو قصور شہر میں روایتی مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا، جس کی تقریبات کی تیاریاں اس وقت عروج پر پہنچ چکی ہیں۔ دنیا بھر سے عقیدت مند اور زائرین مزار شریف پر حاضری دے کر روحانی و قلبی سکون حاصل کر رہے ہیں۔

اس موقع پر مزار شریف پر موجود زائرین اور خصوصاً حیدرآباد (سندھ) سے آئے ہوئے عقیدت مندوں نے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کے اس اقدام کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ زائرین کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب بھر میں تعمیر و ترقی کے ساتھ ساتھ اولیاء اللہ کے مزارات کی تزیین و آرائش کروا کر زائرین کے دل جیت لیے ہیں۔ انہوں نے صوبے بھر میں فلاحی و ترقیاتی اقدامات اور مزارات کی دیکھ بھال پر وزیراعلیٰ پنجاب کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔