تیراہ،5 اگست (اے پی پی):تیراہ میں فتنہ الخوارج کے خلاف جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران بارودی مواد کے دھماکے میں پاک فوج کے یونٹ کے کمانڈنگ آفیسر زخمی ہوگئے۔
شدید زخمی ہونے کے باوجود کمانڈنگ آفیسر نے غیرمعمولی حوصلے، جرات اور عزم کا مظاہرہ کیا۔پاک فوج کے شدید زخمی کمانڈنگ آفیسر نے اپنے جوانوں کا مورال بلند رکھا اور آپریشن کے تسلسل کو یقینی بنانے کی تلقین کی۔یہ واقعہ پاک فوج کے افسران اور جوانوں کے عزم، بہادری، قیادت اور فرض شناسی کی ایک اور روشن مثال ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنہ الخوارج کے دہشت گرد، خوف اور بزدلانہ کارروائیوں کے ذریعے اپنے مذموم عزائم حاصل نہیں کر سکتے۔قوم کے تعاون، سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جوانوں کی بے مثال قربانیوں سے خوارج کی ہر سازش ناکام ہوگی۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کے امن، استحکام اور عوام کے تحفظ کے لیے پاک فوج کا عزم غیر متزل ہے اور اس کا ہر جوان سیسہ پلائی دیوار ہے۔











