خانیوال رننگ رومز کی تاریخ میں پہلی بار جدید اپ گریڈیشن مکمل، فرنٹ لائن ریلوے اسٹاف کے لیے وزیرِ ریلوے کا بڑا اقدام

0

اسلام آباد: 17 اگست  (اے پی پی): وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی کی خصوصی ہدایات پر پاکستان ریلوے کی 79 سالہ تاریخ میں پہلی بار راولپنڈی کے بعد خانیوال میں بھی گارڈز اور لوکو پائلٹس کے رننگ رومز کی جامع اپ گریڈیشن اور اپ لفٹمنٹ کا کام کامیا بی سے مکمل کر لیا گیا ہے، جس کا باضابطہ افتتاح 22 اگست کو کیا جائے گا۔

 اس اہم منصوبے کی تکمیل سے فرنٹ لائن اسٹاف کو سفر کے دوران استراحت کے لیے جدید، آرام دہ اور باوقار ورکنگ کنڈیشنز میسر آئیں گی۔وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے اس موقع پر اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے گارڈز اور لوکو پائلٹس کی فلاح و بہبود اور ان کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

 انہوں نے کہا کہ محنتی ملازمین کو بہترین ماحول فراہم کرنے سے ریلوے کی کارکردگی اور حفاظت میں مزید بہتری آئے گی، جبکہ فرنٹ لائن عملے کے لیے سہولیات کے اس جدید سلسلے کو آئندہ بھی دیگر اضلاع تک بڑھایا جائے گا۔