فارن سروس اکیڈمی پاکستانی سفارتکاروں کی مختلف نسلوں کی تربیت اور تیاری میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار

11

اسلام آباد۔17اگست  (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پیر کے روز اسلام آباد میں فارن سروس اکیڈمی میں 45ویں اسپیشلائزڈ ڈپلومیٹک کورس کی گریجویشن تقریب سے خطاب کیا اور اکیڈمی کی تزئین و آرائش شدہ عمارت کے فیز ون کا افتتاح کیا۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے گریجویشن مکمل کرنے والے افسران اور ان کے اہل خانہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ فارن سروس اکیڈمی پاکستانی سفارت کاروں کی مختلف نسلوں کی تربیت اور تیاری میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

دفتر خارجہ سے جاری بیان کےمطابق انہوں نے کہا کہ اکیڈمی نہ صرف پاکستان کی فارن سروس کے افسران کو تربیت فراہم کرتی ہے بلکہ اب تک 122 ممالک کے 1,600 سے زائد سفارت کاروں کو بھی تربیت دے چکی ہے۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے پاکستان کے مفادات کے مؤثر فروغ کے لیے علم، درست فیصلہ سازی اور کردار کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی سفارت کاروں کو سیاسی، اقتصادی، تکنیکی، تعلیمی اور عوامی سطح کے تعلقات سمیت مختلف شعبوں میں ملکی مفادات کے تحفظ اور فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

نائب وزیراعظم نے اکیڈمی کی تزئین و آرائش کے منصوبے کے لیے فراخدلانہ تعاون اور مالی معاونت پر عوامی جمہوریہ چین کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام پاکستان اور چین کے درمیان قریبی اور دیرینہ دوستی کی ایک اور مثال ہے۔اسحاق ڈار نے گریجویٹ افسران پر زور دیا کہ وہ پیشہ ورانہ مہارت، دیانت داری اور ہمدردی کے ساتھ پاکستان کی خدمت کریں اور اپنی ذمہ داریوں کی انجام دہی میں ہمیشہ ملکی مفادات کو مقدم رکھیں۔انہوں نے نئے سفارت کاروں کے روشن اور کامیاب مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔