اسلام آباد، 25 اگست (اے پی پی): پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما اور رکن قومی اسمبلی شگفتہ جمانی نے کہا ہے کہ 12 ربیع الاول کا بابرکت مہینہ پوری انسانیت کے لیے اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت اور نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادت باسعادت کی خوشی کا موقع ہے۔
اے پی پی ویڈیو نیوز سروس سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ پوری انسانیت کے لیے اللہ تعالیٰ کی جانب سے عظیم تحفہ بن کر تشریف لائے اور آپ ﷺ نے دنیا کو اخوت، مساوات، بھائی چارے اور محبت کا درس دیا۔
انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے خواتین کے حقوق اور معاشرے میں ان کے مقام کو واضح کیا اور اپنی تعلیمات کے ذریعے اس دنیا کو روشنی عطا کی جو جہالت اور اندھیروں میں ڈوبی ہوئی تھی۔
شگفتہ جمانی نے کہا کہ مسلمان خوش قسمت ہیں کہ وہ نبی کریم ﷺ کی امت میں شامل ہیں۔ آپ ﷺ کی احادیث، فرامین اور تعلیمات ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں جبکہ قرآن کریم اللہ تعالیٰ کی آخری کتاب ہے جو قیامت تک محفوظ رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی سیرت اور تعلیمات پر عمل کرنا ہی آپ ﷺ سے حقیقی محبت کا تقاضا ہے۔ ہمیں چاہیے کہ اپنی زندگیوں کو آپ ﷺ کے نقش قدم کے مطابق ڈھالیں اور معاشرے میں محبت، اخوت اور بھائی چارے کو فروغ دیں۔
رکن قومی اسمبلی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام مسلمانوں کو نبی کریم ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرنے، ان کے نقش قدم پر چلنے اور دین کی صحیح سمجھ عطا فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ پر جتنا درود و سلام پیش کیا جائے، کم ہے۔











