رکن قومی اسمبلی ثمینہ خالد گھرکی عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر اے پی پی ویڈیو نیوز سروس سے خصوصی گفتگو

5

اسلام آباد، 25 اگست (اے پی پی): پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور رکن قومی اسمبلی ثمینہ خالد گھرکی نے کہا ہے کہ عید میلاد النبی ﷺ پوری امت مسلمہ کے لیے محبت، عقیدت اور خوشی کا عظیم موقع ہے، ہمیں اس بابرکت دن کے موقع پر نبی کریم حضرت محمد ﷺ کی سیرت طیبہ کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنانے کا عہد کرنا چاہیے۔

اے پی پی ویڈیو نیوز سروس سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ثمینہ خالد گھرکی نے کہا کہ نبی آخر الزماں حضرت محمد ﷺ کی ولادت باسعادت پوری انسانیت کے لیے اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے۔ آپ ﷺ نے اپنی پوری زندگی انسانیت کی رہنمائی، امن، محبت، اخوت اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے وقف کی۔

انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی سیرت مبارکہ ہمارے لیے زندگی کے ہر شعبے میں بہترین نمونہ ہے۔ آپ ﷺ نے مسلمانوں کو محبت، رواداری، مساوات، عدل و انصاف اور دوسروں کے حقوق ادا کرنے کا درس دیا۔

ثمینہ خالد گھرکی نے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ مناتے ہوئے ہمیں صرف خوشی کا اظہار ہی نہیں بلکہ اپنی زندگیوں کا جائزہ بھی لینا چاہیے کہ ہم کس حد تک نبی کریم ﷺ کی تعلیمات اور سنت پر عمل کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج ہمیں معاشرے میں اتحاد، بھائی چارے، برداشت اور باہمی احترام کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، یہی سیرت النبی ﷺ کا بنیادی پیغام ہے۔

رکن قومی اسمبلی نے قوم کو عید میلاد النبی ﷺ کی مبارکباد دیتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں نبی کریم ﷺ کی سیرت طیبہ پر عمل پیرا ہونے اور آپ ﷺ کی تعلیمات کو اپنی زندگیوں میں نافذ کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔