رکن قومی اسمبلی عامر ڈوگر کی عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر اے پی پی ویڈیو نیوز سروس سے خصوصی گفتگو

0

اسلام آباد، 25 اگست (اے پی پی): رکن قومی اسمبلی عامر ڈوگر نے کہا ہے کہ عید میلاد النبی ﷺ کے بابرکت موقع پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ نبی کریم حضرت محمد ﷺ کی سیرت طیبہ کو اپنی عملی زندگی کا نمونہ بنائیں گے۔

اے پی پی ویڈیو نیوز سروس سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی ولادت باسعادت پوری امت مسلمہ کے لیے خوشی اور مسرت کا عظیم دن ہے۔ ہمیں اس مبارک دن کے موقع پر اپنی زندگیوں میں رسول اکرم ﷺ کی تعلیمات کو اپنانے کا عزم کرنا چاہیے۔

عامر ڈوگر نے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے اخلاص، محبت، مساوات، ہمدردی اور حسن سلوک کا درس دیا اور اپنی زندگی کے ذریعے انسانیت کے لیے ایک مکمل ضابطۂ حیات پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے ہمسایوں، بہنوں اور بھائیوں کے حقوق، غیر مسلموں کے ساتھ حسن سلوک اور باہمی لین دین سمیت زندگی کے مختلف شعبوں میں رہنمائی فراہم کی۔ آپ ﷺ کی حیات مبارکہ پوری انسانیت کے لیے عملی نمونہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ کے اس پُرمسرت موقع پر ہمیں اپنی زندگیوں میں سیرت النبی ﷺ کی تعلیمات کو اختیار کرتے ہوئے ایک اچھا مسلمان اور بہتر انسان بننے کی کوشش کرنی چاہیے۔

رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ ہم خوش نصیب ہیں کہ نبی کریم ﷺ کی امت میں شامل ہیں اور ہمارا ایمان ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں آپ ﷺ کی شفاعت نصیب فرمائے گا۔