سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی میڈیا سے گفتگو

0

اسلام آباد ،7اگست (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ میں نے تحریک انصاف کو مذاکرات کی کوئی دعوت نہیں دی۔

عامر ڈوگر سے ملاقات میں قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس سے متعلق امور پر گفتگو ہوئی۔ یوم آزادی کی تقریب کے لیے ان کے ایم این ایز کے نام مانگے، اس کے علاوہ کوئی بات نہیں ہوئی۔ طارق فضل چوہدری سے مذاکرات کی کوئی بات ہوئی ہو تو مجھے پتہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں تو مذاکرات کی دعوتیں دے دے کر تھک گیا ہوں، اب مذاکرات کے لیے کہنا بند کردیا ہے۔ وزیراعظم بھی متعدد بار پارلیمنٹ کے فورم پر مذاکرات کی دعوت دے چکے ہیں۔

سپیکر نے کہا کہ جن اپوزیشن کے لوگوں کی وجہ سے پارلیمانی کمیٹی بنی تھی انہوں نے اس کی بحالی کی کوئی درخواست نہیں کی۔ ہر مسئلے کا حل مل بیٹھنے میں ہے مگر میڈیا میں کہہ دینے سے مذاکرات نہیں ہوتے۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ تحریک انصاف نے اپوزیشن لیڈر کا انتخاب شاید اس لیے کیا تھا کہ وہ مذاکرات کریں، لیکن ان کو شاید مذاکرات کی اجازت نہیں ملی۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمینوں کے پاس جو سٹاف ہے وہ واپس کر دیں گے تو ہم استعمال کریں گے۔ اگر اپوزیشن لیڈر میرے چیمبر میں نہیں آنا چاہتے تو کمیٹی روم آجائیں تو میں چیمبر خالی کردوں گا۔ لیکن اصل بات یہ ہے کہ وہ مذاکرات کرنا ہی نہیں چاہتے۔