سیالکوٹ:26 اگست (اے پی پی): سیالکوٹ میں 12 ربیع الاول کے سلسلہ میں مرکزی جلوس کا افتتاح ڈپٹی کمشنر اویس مشتاق نے ڈی پی او کیپٹن (ر) دوست محمد کے ہمراہ کیا۔ مرکزی جلوس کا آغاز مسجد ابو حنیفہ، مرے کالج روڈ سے ہوا۔
اس موقع پر کوآرڈینیٹر ضلعی امن کمیٹی حافظ اصغر علی چیمہ، امن کمیٹی کے عہدیداران اور جلوس کے منتظمین سمیت شہریوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ جلوس کے شرکاء نے ملک کی ترقی، خوشحالی، سلامتی اور امن و امان کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں۔
ڈپٹی کمشنر اویس مشتاق نے مرکزی جلوس کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ 12 ربیع الاول کے تمام جلوسوں کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں اور امید ہے کہ تمام جلوس امن و امان کے ساتھ اپنی منزل مقصود تک پہنچیں گے۔
مرکزی جلوس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اسوہ حسنہ ﷺ پر عمل ہی دنیا و آخرت میں کامیابی اور نجات کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دین اسلام دنیا میں سب سے تیزی سے پھیلنے والا مذہب ہے۔
انہوں نے کہا کہ جلوس کے روٹس پر سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ پولیس کے علاوہ ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور ستھرا پنجاب کا عملہ بھی اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہا ہے۔ میونسپل کارپوریشن کی جانب سے جلوس کے شرکاء کے لیے مختلف مقامات پر سبیلیں بھی قائم کی گئی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کے افسران اور عملے کو ہدایت کی کہ جلوس کے اختتام تک تمام انتظامات کو مؤثر انداز میں برقرار رکھا جائے تاکہ شرکاء کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔











