سیرتِ نبوی ﷺ ہمارے لیے رہنمائی، کردار سازی اور معاشرتی بہتری کا بہترین ذریعہ ہے، احسن اقبال

4

اسلام آباد،18اگست  (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ سیرتِ نبوی ﷺ ہمارے لیے رہنمائی، کردار سازی اور معاشرتی بہتری کا بہترین ذریعہ ہے، ہمیں نبی کریم ﷺ کے اسوۂ حسنہ اور قرآن مجید کی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنانا چاہیے۔

عمیرِ ملت یونیورسٹی کی جانب سے منعقدہ سیرت النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی ذاتِ مبارکہ ہمارے لیے محبت، اخلاق اور رہنمائی کا عظیم نمونہ ہے۔ سیرتِ طیبہ کے مختلف پہلوؤں پر غور کر کے ہر دور میں نئی رہنمائی حاصل کی جا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیرتِ نبوی ﷺ ہمیں صلہ رحمی، سچائی، ضرورت مندوں کی مدد، کمزوروں کا ساتھ دینے، مہمان نوازی اور حق و بھلائی کے لیے کردار ادا کرنے کی تعلیم دیتی ہے۔ یہ اوصاف ہمارے لیے بہترین عملی نمونہ ہیں اور ہمیں اپنی زندگیوں میں ان اقدار کو فروغ دینا چاہیے۔

احسن اقبال نے کہا کہ دین عبادات کے ساتھ ساتھ اچھے اخلاق، بہتر معاملات، خدمتِ خلق اور مثبت کردار کا بھی درس دیتا ہے۔ سیرتِ نبوی ﷺ کی تعلیمات کو روزمرہ زندگی میں اپنانے سے معاشرے میں باہمی احترام، تعاون اور خیرسگالی کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ قرآن مجید اور سیرتِ نبوی ﷺ ہمارے لیے علم اور رہنمائی کے اہم سرچشمے ہیں، قرآن مجید ہمیں غور و فکر، علم اور تحقیق کی دعوت دیتا ہے، ہمیں اس پیغام کو سمجھ کر اپنی عملی زندگی میں رہنمائی حاصل کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی سیرت ہمیں علم، حسنِ کردار، خدمت، صلہ رحمی اور انسانیت کے ساتھ بھلائی کا درس دیتی ہے۔ ان تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے ہم اپنی ذات، معاشرے اور ملک کے لیے مثبت کردار ادا کر سکتے ہیں۔

احسن اقبال نے زور دیا کہ سیرتِ نبوی ﷺ کے پیغام کو اپنی زندگیوں میں اختیار کرنا ہی اس عظیم تعلیم سے حقیقی استفادے کا بہترین طریقہ ہے۔