شام کے وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی کا اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ وزارت تجارت کا دورہ

4

اسلام آباد، 20 اگست) اے پی پی): شام کے وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی نے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ وزارت تجارت کا دورہ کیا، جہاں وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

ملاقات میں پاکستان اور شام کے درمیان دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان شام کے ساتھ اپنے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور شامی عوام کے لیے امن، استحکام اور تعمیر نو کے حوالے سے نیک خواہشات رکھتا ہے۔

وفاقی وزیر تجارت نے شامی وزیر خارجہ کو پاکستان کی اقتصادی اور برآمدی استعداد سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکسٹائل، ادویات، چمڑے، کھیلوں کے سامان، آئی ٹی اور زرعی مصنوعات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے پاکستانی اور شامی نجی شعبوں کے درمیان روابط اور مشترکہ منصوبوں کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

شامی وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی نے شام کی تعمیر نو اور ترقیاتی ترجیحات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ رہائش، رئیل اسٹیٹ، توانائی، ٹرانسپورٹ، بندرگاہوں، زراعت اور صنعت کے شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دوطرفہ تجارت دونوں ممالک کی حقیقی صلاحیت کی عکاس نہیں۔

اسعد حسن الشیبانی نے پاکستان–شام مشترکہ کاروباری کونسل کے قیام اور دمشق میں پاکستان–شام مشترکہ سرمایہ کاری فورم کے انعقاد کی تجاویز پیش کیں۔ انہوں نے بتایا کہ شام کی وزارت معیشت کا وفد دوطرفہ تعاون کے مواقع کا جائزہ لینے کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گا۔

جام کمال خان نے ترجیحی شعبوں کی نشاندہی اور عملی اقتصادی روڈمیپ تیار کرنے کی تجویز دی۔ انہوں نے پاکستانی اور شامی کاروباری اداروں کے درمیان ورچوئل ملاقاتوں کے انعقاد، مشترکہ وزارتی کمیشن اور متعلقہ ورکنگ گروپس کو فعال بنانے پر بھی زور دیا۔

وفاقی وزیر تجارت نے دونوں ممالک کے چیمبرز آف کامرس کے درمیان روابط اور کاروباری وفود کے تبادلوں کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان شام کے لیے تجارتی و کاروباری وفد بھیجنے کے امکانات کا جائزہ لے گا۔

جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان مستقبل میں شام میں اپنی تجارتی نمائندگی اور ادارہ جاتی موجودگی کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور شام کے تاریخی و ثقافتی روابط دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

ملاقات کے اختتام پر دونوں وزراء نے باہمی خیرسگالی کو تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون میں عملی پیش رفت میں تبدیل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔