اسلام آباد، 20 اگست) اے پی پی): وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے سرکاری اداروں کا اجلاس ہوا، جس میں توانائی کے شعبے سے متعلق اہم انتظامی امور کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں آزاد ڈائریکٹر کی تعیناتی کی منظوری دی گئی۔ اس اقدام کا مقصد ادارے کے انتظامی ڈھانچے کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
کمیٹی نے آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل سے متعلق بھی غور کیا اور آزاد ڈائریکٹرز کی تین نشستوں کے لیے نامزدگیوں کی منظوری دی۔
اجلاس میں سرکاری اداروں میں مؤثر انتظامی نظام اور بہتر گورننس کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔











