اسلام آباد 7 اگست (اے پی پی): جمہوریہ آذربائیجان کے سبکدوش ہونے والے سفیر خزر فرہادوف نے ایوانِ صدر میں صدر مملکت آصف علی زرداری سے الوداعی ملاقات کی، جس میں صدر مملکت نے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں ان کی خدمات کو سراہا۔
ملاقات کے دوران صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان آذربائیجان کو ایک قابلِ اعتماد برادر ملک اور اہم اسٹریٹجک شراکت دار کے طور پر انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے جولائی 2024ء میں آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کے تاریخی دورۂ پاکستان میں سفیر کے کردار کی تعریف کی اور دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی، تجارتی، ثقافتی اور عوامی روابط میں اضافے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ صدر زرداری نے تجارت، سرمایہ کاری، مواصلات، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ماحولیات، سیاحت اور دفاعی و سیکیورٹی تعاون کے شعبوں میں مشترکہ وژن کو عملی شکل دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
صدر مملکت نے سفیر کو اسلام آباد میں مدتِ ملازمت کی کامیاب تکمیل پر مبارکباد دی اور مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ملائیشیا میں پاکستان کے بعد اپنی اگلی سفارتی ذمہ داری سنبھالنے والے سفیر نے کہا کہ پاکستان ان کی پہلی سفارتی تعیناتی تھی اور ہمیشہ ان کے دل کے قریب رہے گا، جبکہ وہ ملائیشیا میں آذربائیجان کے ساتھ ساتھ پاکستان کی بھی نمائندگی کریں گے۔ ملاقات میں سفیر کی اہلیہ ترانہ فرہادوا بھی موجود تھیں، جنہوں نے پاکستان میں اپنے 5 سالہ قیام پر مبنی ایک تصویری کتاب صدر مملکت کو پیش کی۔











