قصور،12اگست (اے پی پی):انٹرنیشنل یوتھ ڈے کے موقع پر ریسکیو 1122 قصور کے زیرِ اہتمام ایک خصوصی سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کا مقصد نوجوانوں کو ایمرجنسی مینجمنٹ، کمیونٹی سیفٹی اور رضاکارانہ خدمات کی اہمیت سے آگاہ کرنا تھا۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر نیئر عالم خان نے کہا کہ نوجوان قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں اور محفوظ معاشرے کے فروغ کے لیے ان کی تربیت انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے طلباء کو فرسٹ ایڈ اور سی پی آر جیسی بنیادی مہارتیں سیکھنے کی ترغیب دی۔
تقریب کے دوران طلبہ کو ریسکیو کے جدید آلات اور مشینری کا عملی مظاہرہ دکھایا گیا اور ان میں معلوماتی مواد بھی تقسیم کیا گیا۔ اختتام پر نوجوانوں نے کسی بھی ناگہانی صورتحال میں بطور ریسکیو رضاکار خدمات انجام دینے کا عزم دہرایا۔











