قصور میں جشنِ آزادی کی تیاریاں عروج پر ، بازاروں میں سبز ہلالی پرچموں اور رنگ برنگے اسٹالز کی بہار

1

قصور، 11 اگست (اے پی پی):جشنِ آزادی کو شایانِ شان اور جوش و خروش سے منانے کے لیے ملک بھر کی طرح قصور میں بھی تیاریاں اپنے عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ شہر کے مختلف چوکوں، بازاروں اور شاہراہوں پر خصوصی اسٹالز سجائے گئے ہیں، جہاں سبز ہلالی پرچم، بیجز، جھنڈیاں، باجے، خوبصورت ملبوسات اور جیولری شہریوں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔

شہری اپنے بچوں اور اہلخانہ کے ساتھ بڑی تعداد میں ان اسٹالز کا رخ کر رہے ہیں اور آزادی کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کے لیے خرید و فروخت میں مصروف ہیں۔

اس موقع پر شہریوں نے “اے پی پی”سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زندہ قومیں ہمیشہ اپنی آزادی کا دن بھرپور جذبے سے یاد رکھتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے بچوں میں 14 اگست کی تاریخی اور قومی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے انہیں بازار لائے ہیں۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ 14 اگست 1947ء ہماری تاریخ کا وہ سنہری دن ہے جب ہمارا پیارا وطن پاکستان معرضِ وجود میں آیا، اس لیے اس دن کو تمام تر جوش و جذبے کے ساتھ منانا ہماری ذمہ داری ہے۔

اس موقع پر نوجوانوں اور بچوں کا جوش و جذبہ بھی دیدنی تھا۔ انہوں نے بتایا کہ 14 اگست کے دن کو یادگار بنانے کے لیے ان کی تیاریاں مکمل ہیں۔ انہوں نے ٹی شرٹس، بیجز، پرچم اور دیگر سجاوٹی سامان خریدا ہے اور وہ 14 اگست کے روز اپنے دوستوں اور فیملی کے ساتھ جشن منانے کے علاوہ سرحدوں پر تعینات پاک فوج کے جوانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے بارڈر کا رخ بھی کریں گے۔