لاہور 18 اگست (اے پی پی ):ہارٹیکلچر ایجنسی لاہور نے صوبائی دارالحکومت کی شاہراہوں کو مزید خوبصورت اور دلکش بنانے کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے شہر کی تمام اہم سڑکوں کے اطراف ہزاروں پھول دار درخت لگانے کا جامع منصوبہ تیار کر لیا ہے۔
اس سلسلے میں ایک اہم اجلاس مینجنگ ڈائریکٹر ہارٹیکلچر ایجنسی احمد عثمان جاوید کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی احمد عثمان جاوید نے تمام ڈائریکٹرز ہارٹیکلچر کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے زونز میں دستیاب جگہوں کی فوری نشاندہی کریں۔ انہوں نے بتایا کہ اس مہم کے تحت شہر کی گرین بیلٹس اور برمز پر املتاس، گلِ موہر، جیکرنڈا، گلِ نشتر اور بدھا کے پھول دار درخت لگائے جائیں گے، جو نہ صرف ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے میں مددگار ثابت ہوں گے بلکہ شہر کی خوبصورتی میں بھی بے پناہ اضافے کا باعث بنیں گے۔
ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی نے پلاننگ کے حوالے سے خصوصی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ پودوں کی شجرکاری اس انداز میں کی جائے کہ کم از کم 300 میٹر کے پیچ پر ایک ہی نوعیت کے پھول دار پودے نظر آئیں، اور جہاں زیادہ جگہ دستیاب ہو وہاں اس پیچ کو ایک کلومیٹر تک بڑھایا جائے۔ اس یکسانیت سے سڑکوں پر ایک خوبصورت اور منظم منظر نظر آئے گا۔
اجلاس میں ایڈیشنل مینجنگ ڈائریکٹر تسلیم اختر راؤ اور تمام زونز کے ڈائریکٹرز ہارٹیکلچر نے شرکت کی اور منصوبے کی بروقت اور مؤثر تکمیل کے عزم کا اظہار کیا۔











