وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس، مربوط توانائی پلان کے ہائی لیول ڈیزائن (2027-2060) اور نیشنل الیکٹریسٹی پلان 2023-2027 میں ترامیم کی منظوری

4

اسلام آباد،18اگست  (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی نے پاور ڈویژن کی جانب سے پیش کردہ مربوط توانائی پلان کے ہائی لیول ڈیزائن (2027-2060) اور نیشنل الیکٹریسٹی پلان 2023-2027 میں ترامیم کی منظوری دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ان ترامیم پر خیبر پختونخوا کی حکومت اور نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی سے مزید مشاورت بھی کی جائے۔

  وزیراعظم کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس منگل کو یہاں وزیراعظم ہائوس میں منعقد ہوا۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس میں پاور ڈویژن کی جانب سے نیشنل الیکٹریسٹی پلان 2023-2027 میں ترامیم پیش کی گئیں، یہ ترامیم توانائی کیلئے مربوط منصوبہ بندی، بجلی کی پیداوار میں اضافے، دور دراز علاقوں میں قابل تجدید ذرائع سے پیدا کردہ بجلی کی فراہمی، بجلی کی سرحد پار تجارت، ترسیلی نظام میں وسعت، ٹیرف ڈیزائن، بجلی کی بچت، سسٹم اینڈ مارکیٹنگ آپریشنز ، خطرات کی نشاندہی اور اس حوالے سے انتظامی امور، ایندھن اور ٹیکنالوجی کی مقامی سطح پر استعداد بہتر بنانے ، ریسرچ و ڈویلپمنٹ اور ڈیجیٹائزیشن سے متعلق ہیں۔

 کابینہ کمیٹی نے ان ترامیم کی منظوری دیتے ہوئے یہ ہدایت کی کہ ان ترامیم کے حوالے سے حکومت خیبر پختونخوا اور نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی سے مزید مشاورت بھی کی جائے۔ کابینہ کمیٹی برائے توانائی نے پاور ڈویژن کی جانب سے پیش کردہ مربوط توانائی پلان کے ہائی لیول ڈیزائن (2027-2060) کی منظوری بھی دی۔

 مذکورہ توانائی پلان میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے علاوہ دیگر سٹیک ہولڈرز شامل ہوں گے، اس پلان کا مقصد انرجی سکیورٹی اور بجلی/توانائی کے شعبے میں معاشی مسابقت کو یقینی بنانا ہے، اس پلان کے تحت بجلی کو مناسب قیمتوں پر صنعتی اور گھریلو صارفین تک پہنچانے کے حوالے سے حکمت عملی بھی ترتیب دی جائے گی۔ مزید برآں کم کاربن اخراج دینے والی توانائی اور بجلی کی پیداوار، ماحول دوست اور موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت رکھنے والے توانائی ذرائع کو فروغ دیا جائے گا۔ کابینہ کمیٹی برائے توانائی کو پاور ڈویژن کی جانب سے پاور سیکٹر میں گردشی قرضے کے حوالے سے مالی سال 2025-2026 کی رپورٹ پیش کی گئی۔

 کابینہ کمیٹی برائے توانائی کو پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے گیس سیکٹر کے گردشی قرضوں برائے مالی سال 2025-2026 کی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔