لودھراں میں قومی یومِ شجرکاری، 1200 پودے لگانے کا اعلان

1

لودھراں ،18 اگست(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق ضلع لودھراں میں شجرکاری مہم بھرپور انداز میں جاری ہے۔

 قومی یومِ شجرکاری کے موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے 100 چک کا دورہ کیا اور لودھراں پائلٹ پراجیکٹ کے تحت قائم اربن فاریسٹ کا معائنہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے اربن فاریسٹ میں متعارف کرائے گئے کم لاگت شجرکاری ماڈل کا جائزہ لیا جبکہ لودھراں پائلٹ پراجیکٹ کی نرسری کا بھی دورہ کیا اور متعلقہ حکام سے تفصیلی بریفنگ لی۔ انہیں بتایا گیا کہ ایل پی پی نرسری میں سالانہ 80 ہزار پودے تیار کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔

اس موقع پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ قومی یومِ شجرکاری کی تقریبات کے سلسلے میں ضلع بھر میں آج مجموعی طور پر 1200 پودے لگائے جائیں گے۔ ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے سی ای او ڈاکٹر عبدالصبور اور پروگرام منیجر عالیہ سندس کے ہمراہ اربن فاریسٹ کے 8 ایکڑ پر مشتمل توسیعی رقبے میں پودے بھی لگائے۔

ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے کہا کہ پودے اور درخت ہمارے لیے اور آنے والی نسلوں کے لیے انتہائی ضروری ہیں۔ فضائی کثافت اور آلودگی کے خاتمے کے لیے شجرکاری ناگزیر ہے۔ ضلع لودھراں کو مزید سرسبز، صحت مند اور ماحول دوست بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز، اداروں اور شہریوں کو بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔ زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر نہ صرف ماحول کو بہتر بنایا جا سکتا ہے بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے صاف اور صحت مند ماحول بھی یقینی بنایا جا سکتا ہے۔